15 مارچ ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک میں نئی حلقہ بندیوں کی کوئی تجویز الیکشن کمیشن کے زیر غور نہیں ہے، نئی انتخابی فہرستیں آئندہ عام اور بلدیاتی انتخابات میں استعمال کی جائیں گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران تسنیم صدیقی کے سوال کے جواب میں وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ نئی حلقہ بندیاں کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ ایسا مردم شماری کے بعد ہی ہو سکتا ہے ملک کے مختلف علاقوں میں رقبہ کے اعتبار سے حلقوں کے سائز بہت بڑے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر نادرا کے تعاون سے قابل اعتماد اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں جو مئی 2012ء کے اختتام پر حتمی اشاعت کے بعد آئندہ عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں استعمال ہونگی۔