15 مارچ ، 2012
کراچی… سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو ذوالفقارآبادمیں زیرتعمیر آئل ٹینکرٹرمنل کی زمین سے ناجائزقابضین کوبیدخل کرنے،وہاں پولیس چوکی بنانے اورمنصوبے کے کوآرڈینیٹرکوہرممکن مدد فراہم کرنیکا حکم دیاہے۔جسٹس انورظہیرجمالی اورجسٹس گلزاراحمدپرمشتمل سپریم کورٹ کے بنچ نے آج کراچی رجسٹری میں شیریں جناح کالونی اور کلفٹن بلاک ایک سے آئل ٹینکرزکی پارکنگ ختم کرنے کے معاملے کی سماعت کی۔منصوبے کے کوآرڈینیٹرسابق سیکرٹری ٹاون پلاننگ فیصل سعود نے عدالت میں اب تک ہونے والے ترقیاتی کام کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ 70 فیصد آئل کمپنیوں نے ذوالفقار آباد میں نئے ٹینکر ٹرمنل کی تعمیر کے لئے اپنے حصے کی رقم ادا کردی ہے جہاں ایک وقت میں 2 ہزار 3 سو 75 ٹینکرز کھڑے ہونے کی گنجائش ہوگی۔عدالت نے گزشتہ سماعت پر تعمیراتی کام کی ٹھیکیدار کمپنیوں کے مالکان کوبھی طلب کیا تھالیکن کوئی حاضر نہیں ہوا۔عدالت نے انہیں توہین عدالت پراظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کوآرڈی نیٹر کو ٹرمنل کا ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرانے کی ہدایت کی۔