15 مارچ ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ابتدائی ووٹر لسٹوں پر عدم اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ غلطیاں دور کرنے کے بعد غیر حتمی فہرستیں دوبارہ آویزاں کی جائیں تاکہ تسلی کی جا سکے کہ غلطی دور ہوئی بھی یا نہیں۔ عبدالقادر پٹیل کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی نے الیکشن کمیشن اور نادرا کو ہدایت کی ہے کہ ابتدائی ووٹر لسٹوں سے غلطیاں دور کی جائیں، اس بارے میں قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ نادرا اور الیکشن کمیشن حکام نے تسلیم کیا کہ مختلف علاقوں میں ووٹرز کا اندارج کرنے والے اساتذہ نے جان بوجھ کرایڈریس اور بلاک تبدیل کیے ہیں، جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چیئرمین نادرا نے بتایا کہ 8 کروڑ ووٹرز میں سے 4 سے 5 لاکھ کا غلط اندراج ہے جسے درست کرلیا جائے گا۔ کمیٹی نے ووٹر لسٹوں کے حوالے سے دوبارہ اجلاس 9 اپریل کو طلب کیا ہے جس میں ایف آئی اے حکام کو بھی بلایا گیا ہے۔