15 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بینکنگ آرڈیننس سے 27 بی کا خاتمہ کر کے بینک اوقات میں یونین سرگرمیوں پر پابندی ختم کردی جائے گی۔ خورشید شاہ اسلام آباد میں پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ملازمین میں شیئرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں اکثریت حاصل ہو گئی ہے اور اب وہ بینک یونین پر لگائی گئی اس قدغن کو دور کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا دوسروں پر ضرور اثر پڑا ہے، مگر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے زیادہ بڑھی ہیں۔ خورشید شاہ نے مزدورں سے شکوہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے 12 ہزار سرکاری ملازمین کو بحال، 80 ہزار کو مستقل اور 80 لاکھ ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں، لیکن کبھی کسی نے حکومت کا شکریہ ادا نہیں کیا۔