15 مارچ ، 2012
پشاور … پشاور ہائی کورٹ نے مردان سے لاپتہ شخص سے متعلق صدر پولیس اسٹیشن مردان کے ایس ایچ او کو عدالت طلب کرلیا۔ چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس وقار احمد سیٹھ نے مختلف لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت کی۔ مردان سے لاپتہ سفید خان کے بارے میں درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سفید خان کو 21جنوری 2011ء کو سینٹرل جیل مردان سے رہائی پانے کے بعد اٹھایا گیا تھا۔ سفید خان کے ساتھ اس کے بھائی زاہد کو بھی اٹھایا گیا تھا تاہم بعد میں اسے چھوڑ دیا گیا تھا۔ عدالت نے زاہد اورایس ایچ او صدر تھانہ مردان کو آئندہ پیشی پر عدالت طلب کرلیا۔ پشاور سے لاپتہ محمد حسین کے بارے میں ڈپٹی اٹارنی جنرل اقبال مہمند نے عدالت کو بتایا کہ وہ واپس اپنے گھر پہنچ گیا ہے جبکہ مچنی سے لاپتہ محمد جمیل کو انٹر امنٹ سینٹر منتقل کیا جارہا ہے۔