12 اگست ، 2013
کراچی…شکیل یامین کانگا … بحرین سے تعلق رکھنے فٹ بال کوچ محمد شملان کامل قومی انڈر 19 فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کیلئے آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچیں گے، قومی انڈر 19 فٹ بال ٹیم کا کیمپ 19 اگست سے شروع ہوگا، امکان ہے سربیا سے تعلق رکھنے والے موجودہ کوچ میلازووک زاوی سا کو فارغ کرکے محمد شملان کو سینئر ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری دی جائے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات اور بحرین فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ کے درمیان مراسم ہونے کی بناء پر بحرین فٹ بال نے محمد شملان کو بغیر کسی معاوضے کے پاکستان بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے، جو آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ کر قومی انڈر 19 ٹیم کے ٹرائلز کو مانیٹر کریں گے۔ اس کے بعد ممکن ہے کہ فیڈریشن انہیں زاوی سا کی جگہ سینئر ٹیم کی کوچنگ بھی سونپ دے۔ واضح رہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے اکتوبر 2011 ء میں سربیا سے تعلق رکھنے والے میلوزووک زاوی سا سے قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے دوسال کا معاہدہ کیا تھا۔ زاوی سا پاکستان کے ناکم اور مہنگے ترین کوچ ثابت ہوگئے۔ ان کی تقریبا دو سالہ کوچنگ میں پاکستانی ٹیم صرف ایک آفیشل میچ (مکاؤ) کے خلاف اور ایک تربیتی میچ جیت سکی۔ اس کے علاوہ انڈر 23 ٹیم نے بھی صرف ایک کامیابی حاصل کی۔ زاوی شا کو پی ایف ایف نے ہر ایونٹ کی تیاری کیلئے سلسلے میں شاندار سہولیات اور مراعات سے نواز اس کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو ووننگ ٹریک پر لانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ پی ایف ایف کی جانبسے بھاری تنخواہ کے ساتھ ساتھ رہائش کی سہولیت بھی ان کو حاصل تھی اور ہر سیریز کی تیاری سے قبل ان کو غیرملکی پریکٹس ٹور بھی ملتے رہے تاہم وہ قومی ٹیمکو سنبھالنہ سکے۔ ایک اندازے کے مطابق پی ایف ایف زاوی سا پر دو کروڑ سے زائد خرچ کئے ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے بحرین سے سلیمان شریدا کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ان کی مصروفیات کی بناء پر اسسٹنٹ کوچ محمد شملان کامل کو بغیر معاوضے کے پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ایف ایف انہیں رہنے، کھانے پینے اور سفری سہولت مہیا کرے گی۔ محمد شملان پاکستان آمد کے بعد پی ایف ایف کی جانب سے بلائے جانے والے قومی کوچز کو متخب کرکے اپنا کوچنگ پینل ترتیب دیں گے۔ دریں اثناء فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جوزف ایس بلاٹر نے لیاری میں فٹ بال میچ کے بعد بم دھماکے میں کھلاڑیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی ایف ایف کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان کے مطابق فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات کے نام تعزیتی پیغام میں پاکستانی عوام اور دھماکے میں متاثر ہونے والی فٹ بال فیمیلیز سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہونے والے اس افسوس ناک واقعے میں کئی فٹ بالرز کی ہلاکت پر انہیں شدید رنج ہوا وہ اس میں ہلاک اور زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔