16 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی کے تاجروں نے بھتا اور پرچی مافیا کے خلاف کل یوم سیاہ اور یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم نے بھی تاجروں کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے سندھ بھر میں کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ آج سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی کے اندر اور باہر بھتا اور پرچی مافیا کے خلاف ایم کیو ایم اور تاجر برادری نے زبردست احتجاج اور نعرے بازی کی۔ اسمنبلی کے اندر ایم کیو ایم کے اراکین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی معطل رہی اور بلآخر اجلاس پیر کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا۔ دوسری طرف اسمبلی کے باہر تاجروں اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع تھی جس نے بھتا اور پرچی مافیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد تاجروں نے میڈیا کے نمائندوں کے سامنے زبردست احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کل یوم سیاہ اور یوم احتجاج منایا جائیگا۔ ایم کیو ایم سندھ اسمبلی کے اراکین بھی اظہار یکجہتی کے طور پر ان کے ساتھ موجود تھے جنہوں نے تاجروں کے موٴقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اپیل کی کہ عوام کل اپنا کاروبار بند رکھیں۔