16 مارچ ، 2012
اسلام آباد / لندن… میمو تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد ہائی کورٹ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بیک وقت جاری ہے اور سابق سفیر حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری کیس کے مرکزی کردار منصور اعجاز پر جرح جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کیس کی سماعت جسٹس فائز عیسیٰ کی صدارت میں تین رکنی کمیشن کر رہا ہے۔ اپنی جرح کے دوران زاہد بخاری نے منصور اعجاز کی جانب سے لکھے گئے آرٹیکلز اور آئی ایس آئی چیف جنرل شجاع پاشا سے ملاقات کے حوالے سے سوالات کئے۔ اخباری آرٹیکلز کے حوالے سے سوالات دہرانے پر منصور اعجاز غصے میں آگئے اور کہا کہ کل بھی سارا دین یہی ایک سوال دہرایا جاتا رہا، بلیک بیری، میمو، حسین حقانی ان موضوعات پر کوئی سوال نہیں ہورہا۔ جنرل شجاع پا شا کے حوالے سے منصور اعجاز کا کہنا تھا کہ میں انہیں پہلے سے نہیں جانتا تھا، جس آئی ایس آئی افسر نے جنرل پاشا سے ملاقات کرائی اس کا اصل نام نہیں جانتا۔