16 مارچ ، 2012
لاہور… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ کوئلے کے کام میں ہاتھ تو کالے ہوتے ہیں۔ یا تو سیاست میں نہ آتا ، اگر آیا ہوں تو ڈروں کیوں؟ کنیرڈ کالج لاہور کے کانووکیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ سال 2013 ملک کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے آرمی چیف، صدر، چیف جسٹس اور پارلیمنٹ تمام کی معیاد 2013 ء میں ختم ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں میڈیا بہت آزاد ہوگیا ہے اور بڑے مشکل سوالات پوچھتا ہے جس سے گناہ دھلتے ہیں۔ پاکستان میں کسی حکومت نے پانچ سال پورے نہیں کئے تاہم ان کی حکومت پانچواں بجٹ پیش کر رہی ہے جبکہ کل صدر پانچویں مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نے کنیئرڈ کالج کے لئے چھ کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔