22 اگست ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…سری لنکن فوج نے ایسی تمام رپورٹوں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا کہ پاکستانی عسکریت پسند بھارت میں دہشت گرد حملوں کے لئے سری لنکا کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔ سری لنکن فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل جگاتھ جے سوریا نے کہا کہ بھارتی میڈیا رپورٹ بے بنیاد ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے تربیت یافتہ عسکریت پسند جنوبی بھارت پر حملوں کے لئے سری لنکا کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔سری لنکا کے ”کولمبو گزٹ“ کے مطابق سری لنکن فوج نے بھارتی میڈیا کی ایسی تمام رپورٹوں کو مسترد کردیاہے۔ گزٹ لکھتا ہے کہ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مہاراشٹر پولیس نے مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے موصول دہشت گردی کے خلاف الرٹ جاری کی کہ پاکستان سے تربیت یافتہ آٹھ عسکریت پسند سری لنکا سے جنوبی بھارت پر حملوں کے لئے داخل ہو سکتے ہیں۔بھارتی مرکزی وزارت داخلہ نے نو صفحاتی الرٹ جاری کی تھی کہ چار دہشت گردی پنجابی جب کہ باقی کشمیری یا پٹھان ہیں جو تامل ناڈو میں مادورائی کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیاکہ سری لنکن ایجنسیوں نے رواں برس دو فروری کو تین مشتبہ پاکستانیوں کو گرفتار کیا جنہوں نے سری لنکا کے پاسپورٹ پر ممبئی اور تھیرو وانتھا پورم کو دورہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ لشکر طیبہ بھارت پر حملے کر سکتی ہے اور آٹھ مشتبہ عسکریت پسند پاکستان سے تربیت یافتہ ہوسکتے ہیں۔ تاہم آج سری لنکن فوج نے بھارتی اخبار کی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا ہے۔