17 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھتہ خوری کے خلاف آج تاجر برادری کی جانب سے مکمل شٹر ڈاوٴن کیا گیاہے۔ سانگھڑ ، ٹنڈو آدم اور شہداد پور میں بھی شٹر ڈاوٴن ہے جبکہ ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہوا ہے۔ صبح ہوتے ہی مشتعل افراد نے شارع فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب پھاٹک کو بند کرنے کی کوشش کی اور ہنگامہ آرائی کی تاہم پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو کر لیا۔غریب آباد انڈر بائی پاس میں نامعلوم افراد نے ایک بس کو آگ لگا دی جبکہ لیاقت آباد روڈ پر بھی مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگادی ۔ ادھر لاڑکانہ میں بھی بعض مقامات پر نا معلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کے الزام میں سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 7افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 4کو چھوڑ دیا گیا۔ میٹرک بورڈ کے تحت آج ہونے والے تمام عملی امتحانات ملتوی کردیے گئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جبکہ وفاقی اردو یونیورسٹی اور ڈاوٴ یونیورسٹی نے بھی آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے ہیں۔اس سے پہلے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کیارکان اور وزرا نے شہرمیں بھتا خوری، پرچی مافیا اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف بھرپور احتجاج کیا، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے وزرا اور ایم کیو ایم کے ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ،جس کے بعد اجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا۔