17 مارچ ، 2012
سری نگر … جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ انہیں میمو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ منصور اعجاز کے اس بے بنیاد بیان کے بارے میں حقائق پیش کر سکیں جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے را کے چیف سے میری ملاقات کرائی۔ یاسین ملک نے سری نگر میں اپنے وکیل ظفر اے شاہ کے ذریعے سپریم کورٹ پاکستان میں درخواست دائر کی ہے جس میں موٴقف اختیار کیا ہے کہ منصور اعجاز کا یہ بیان بے بنیاد ہے کہ انہوں نے را کے چیف سے میری ملاقات کرائی تھی۔ یاسین ملک نے چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری سے استدعا کی ہے کہ انہیں میمو کمیشن میں پیش ہوکر حقائق بتانے یا تحریری بیان جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔ یاسین ملک نے درخواست میں امید ظاہر کی ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری انہیں کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا موقع فراہم کر کے انصاف کی ایک اور تاریخ رقم کریں گے۔