پاکستان
17 مارچ ، 2012

کراچی میں بھتا مافیا کیخلاف پر امن ہڑتال پر الطاف حسین کا اظہار تشکر

کراچی میں بھتا مافیا کیخلاف پر امن ہڑتال پر الطاف حسین کا اظہار تشکر

کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں بھتہ مافیا اور پرچی مافیا کے خلاف عدم کارروائی اور سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کے غیر جمہوری و آمرانہ طرز عمل کیخلاف پرامن یوم احتجاج ریکارڈ کرانے پر کراچی سمیت پورے سندھ کے تاجروں، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے دلی تشکرکااظہار کیا ہے۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ شہر میں بھتہ خوری اور جرائم پیشہ عناصر کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث تجارتی، سماجی اور معاشی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں ہیں اور تاجر برادری روز روز بھتے کی پرچیوں اور دھمکیوں سے عاجز ہوکر اپنا کاروبار منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم شہر کراچی کی نمائندہ جماعت ہے، شہر کراچی اور اس کے عوام کو کسی طور بھی جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑ سکتی اور بھتہ خوری اور جرائم کی وارداتوں کے خاتمے تک ہر فورم پر آواز احتجاج بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر اور صوبے کے عوام نے کراچی میں بھتہ خوری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنا کاروبار، دکانیں بند کرکے اور سرگرمیاں معطل کرکے ثابت کردیا کہ وہ پرامن ہیں اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں۔ الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ صدر آصف علی زرداری نے بھتا خوری اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف جس سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے اس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا اور بھتا خوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرکے شہر بھر کے تاجروں، صنعتکاروں، کاروباری حضرات اور عوام کو جلد از جلد جان و مال کا تحفظ فراہم کیاجائے گا۔

مزید خبریں :