17 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو پارلیمنٹ کی مکمل حمایت حاصل ہے اور پاکستان کے نیو کلیئر اثاثوں کی حفاظت کا بہترین نظام موجود ہے۔ وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں اسٹریٹجک پلانز ڈویژن اور چین میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے وزیراعظم گیلانی کو سیوٴل نیوکلیئر سیکیورٹی کانفرنس کے مختلف پہلووٴں پر بریفنگ دی۔ یہ کانفرنس 26 سے 28 مارچ کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیوٴل میں ہو رہی ہے جس میں پاکستان بھی شرکت کرے گا۔ مسعود خان نے سفارتی پہلو پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آئی اے ای اے کا میکانزم مضبوط و موٴثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور سیوٴل نیو کلیئر کانفرنس، پاکستان کو دنیا کی ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر منوانے کا بہترین فورم ثابت ہوگا۔ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر حکام نے بتایا کہ فوکو شیما سانحہ کے بعد پاکستان کے نیو کلیئر اثاثوں کی حفاظت کے انتظامات مزید موٴثر بنا دیئے گئے ہیں اور ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔