پاکستان
17 مارچ ، 2012

کراچی : معذور افراد کو خصوصی شناختی کارڈکے اجراء کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی … معذور افراد کو خصوصی قومی شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے فلاحی ادارے نے نادرا اور صوبائی محکموں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستحظ کردیے۔ خصوصی افراد کو اب شناختی کارڈ بنوانے کیلئے کئی محکموں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ اسٹیڈیم روڈ کراچی پر واقع نجی اسپتال میں سندھ کے معذور افراد کو ون ونڈو آپریشن کے تحت خصوصی قومی شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ اس سلسلے میں تقریب میں نجی فلاحی ادارے کے تحت تقریب ہوئی جس میں سندھ کے مشیر برائے خصوصی تعلیم امتیاز شیخ، ڈپٹی چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت محکمہ محنت اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت معذور افراد کو اب محکمہ سماجی بہبود، محکمہ محنت ، ایمپلائمنٹ ایکسچینج اور دیگر اداروں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ معذور افراد کو ایک ہی جگہ سے خصوصی شناختی کارڈ بناکر دیئے جائیں گے اور اسی کارڈ پر انہیں ملازمتوں میں کوٹہ سمیت ٹرین و فضائی ٹکٹوں میں کمی اور دیگرمراعات حاصل ہوسکیں گی۔ تقریب میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 300 معذور افراد کی رجسٹریشن کی گئی ہے جبکہ آئندہ چھ ماہ میں 10 ہزار معذور افراد کو خصوصی قومی شناختی کارڈز جاری کردیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :