19 جنوری ، 2012
اسلام آباد … مائع پیٹرولیم گیس کی قیمت میں10 روپے فی کلوکمی کردی گئی جس کے بعد گھریلو سلنڈر 118 جبکہ کمرشل سلنڈر 454 روپے سستا ہوگیا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عرفان کھوکھر نے اسلام آباد میں جیو نیوز کو بتایا کہ درآمدی گیس کی سپلائی بہتر ہونے کی وجہ سے مقامی پروڈیوسرز کوقیمت میں10 ہزار روپے فی ٹن کمی کرنا پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمت میں کمی سے گلگت، اسکردو، آزاد جموں کشمیر میں مائع پیٹرولیم گیس کی فی کلو قیمت 170 روپے سے کم ہوکر 160 روپے ہوگئی ہے۔ عرفان کھوکھر نے کہا کہ درآمدی ایل پی جی کی سپلائی میں مزید بہتری سے مقامی پروڈیوسرز کی جانب سے من مانی قیمت وصول کرنے کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔