18 مارچ ، 2012
کوئٹہ …کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں اغواء برائے تاوان،چوری و ڈکیتیوں سمیت مختلف جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف کوئٹہ میں قبائلیوں ، تاجربرادری، ٹرانسپورٹرز اور زمینداروں کے نمائندوں کا مشترکہ اجلاس منعقد کیاگیا۔ سریاب روڑ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت قبائلی رہنماء نواب محمد خان شاہوانی نے کی،اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹرنوابزادہ لشکری رئیسانی، کبیر محمد شہی، دشتی خان جتک جان محمد لہڑی، آغاشبیر شاہ سمیت مختلف قبائلی معتبرین شریک تھے،اجلاس میں صوبے کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔اس موقع پر شرکا نیصوبے بھر میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی بہتری کے لئے تمام جماعتوں کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی،انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بدامنی کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کے جائیں، اجلاس کے اختتام پر دو گروپوں کے نجی گارڈز میں چپقلش ہوگئی اس موقع پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے بعد امن و امان کے حوالے سے مشترکہ اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا۔