پاکستان
18 مارچ ، 2012

آفاق احمد کی اے این پی کے سینیٹرز شاہی سید اور زاہد خان سے ملاقات

آفاق احمد کی اے این پی کے سینیٹرز شاہی سید اور زاہد خان سے ملاقات

اسلام آباد … ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے کراچی کو یرغمال بنایا ہوا ہے کوئی جماعت آزادی سے کام نہیں کر سکتی ، جبکہ اے این پی کے سینیٹر شاہی سید کا کہنا ہے کہ الطاف گروپ لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا اور اسلحہ مافیا پر مشتمل ٹھپا مافیا ہے ۔ ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد اسلام آباد خیبر پختونخواہ ہاوٴس میں اے این پی کے سیکریٹری اطلاعات زا ہد خان اور سینیٹر شاہی سید سے ملاقات کے بعد کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کے مسئلے پر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ آفاق احمد نے کہا کہ بھتہ وصولی، دہشت گردی، قتل، اغوا برائے تاوان کے باعث کراچی کا امن تباہ ہو چکا ہے معاشی تباہی ہو رہی ہے اور صنعتکار بیزار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اے این پی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سمیت کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے کئی جماعتوں سے رابطے کئے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کراچی میں امن کیلئے اے این پی اور دیگر جماعتوں کی طرف سے بنائے گئے لائنس کے ہمراہ لندن میں الطاف حسین کے پاس جانے کیلئے بھی تیار ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ جب ماضی میں کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کی بات کی گئی ایم کیو ایم نے اس کے جواب میں پورے پاکستان کو اسلحہ سے پاک کرنے کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایم کیو ایم کی یہ بات ماننے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حال ہی میں تیار کی گئیں انتخابی فہرستوں سے ایم کیو ایم کے مخالفین کے نام نکالے گئے جس کیلئے وہ الیکشن کمیشن اور عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر اے این پی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد خان نے کہا کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے وہ آفاق احمد کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ اے این پی تو پورے پاکستان کو اسلحہ سے پاک کرنے کی حامی ہے، اس موقع پر سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک تنظیم کے دفتر میں بیٹھ کر ووٹر فہرستیں بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی نگرانی میں خانہ شماری اور مردم شماری کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں مقدمات بنائے گئے۔ شاہی سید نے مزید کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ بھتہ اور بوری بند لاش کس کا ٹریڈ مارک ہے۔

مزید خبریں :