18 مارچ ، 2012
میرپور،ڈھاکا…ایشیاء کپ کے اتوار کو ہونے والے سب سے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دیکر فائنل تک اپنی رسائی کی کوشش کو مستحکم کرلیا ہے۔بھارتی ٹیم کو اس میچ میں کامیابی کے لیے 330رنز درکار تھے، جو کہ بھارتی بیٹسمینوں نے 47.5اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔بھارت کی جیت میں مرکزی کردار ادا کرنے والے نوجوان بیٹسمین ویرات کوہلی 183کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں 329رنز کا مجموعہ ترتیب دیا اور اسکے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔جواب میں بھارت نے جب بیٹنگ کاآغاز کیا تو بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر پہلے ہی اوور میں صفر پرآؤٹ ہوگئے، تاہم اس موقع پر ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر52اور اور میچ کے ہیرو ویرات کوہلی 183کے درمیان 133کی بہترین شراکت قائم ہوئی جس کے نتیجے میں میچ پر بھارتی گرفت کافی مضبوط ہوگئی،اس دوران پاکستان کی فیلڈنگ حسب سابق مایوس کن تھی، اور کہیں بھی یہ ورلڈ کلاس نظر نہ آئی،وکٹ کیپنگ کا معیار بھی کافی غیر معیاری تھا۔دوسری جانب بھارتی بیٹسمین وقت گزرنے کے ساتھ میچ پر مکمل حاوی ہوگئے۔ٹنڈولکر کے آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی کے ساتھ نبھانے کے لیے روہت شرما 68آئے اور انھوں بھی شاندار اسٹروک پلیئنگ کرکے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے، کوہلی اور شرما نے ملکر 172کی شراکت جوڑی ۔میچ کے آخری لمحات میں شرما اور کوہلی شاندار باریاں تراش کر پویلین لوٹ گئے تاہم اس وقت تک میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔سریش رائنا12اور کپتان دھونی 4نے میچ کے فائنل اسٹروکس کھیل کر بھارت کو جیت سے ہمکنار کرادیا۔پاکستان کی جانب سے عمر گل 2،محمد حفیظ 1اور سعید اجمل نے 1وکٹ حاصل کی۔فائنل سے قبل آخری لیگ میچ اب سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان منگل 20مارچ کو کھیلا جائے گاجس میں پاکستان کے ساتھ فائنل کھیلنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔