18 مارچ ، 2012
لاہور … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں، اگر ان کے جانے سے مسئلہ حل ہوتاہے تو وہ خوش ہیں، لیکن کیا ان کی جگہ آنے والا نیا وزیراعظم سوئس حکومت کو خط لکھ دے گا۔ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر اخبارات کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدر زرداری بھی اپنا استثناء ختم نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کو چاہئے کہ استثناء کیس پارلیمنٹ کو ریفر کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناقص پالیسیوں اور بے جا تنقید کی وجہ سے پاکستان بہت پیچھے رہ گیا ہے، وزیراعظم کے بار بار عدالت جانے سے معیشت پر اثر پڑتا ہے، مخالف جماعتوں نے روش نہ بدلی تو آئندہ اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایس آئی اہم ادارہ ہے، اسے متنازع نہیں ہونا چاہئے۔ بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ لاء اینڈ آرڈر کا ہے، جو سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ 3400 میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے جبکہ ابھی بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں، لیکن صوبوں نے بھی اختیارات کے باوجود بجلی پیداکیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ لاہورکو نظرانداز کیا جائے گا۔