پاکستان
18 ستمبر ، 2013

پشاورہائیکورٹ: گومل زام ڈیم کے لاپتہ اہل کاروں سے متعلق کیس خارج

پشاورہائیکورٹ: گومل زام ڈیم کے لاپتہ اہل کاروں سے متعلق کیس خارج

پشاور … پشاور ہائی کورٹ نے گومل زام ڈیم کے لاپتہ اہل کاروں سے متعلق کیس خارج کردیا، جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے دشمن اکٹھے ہو گئے ہیں، قبائلی عمایدین بھی فعال ہو جائیں تاکہ فاٹا میں حالات بہتر ہوں۔ یہ ریمارکس چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ دوست محمد خان نے گومل زام ڈیم کے مغوی اہل کاروں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیئے، سماعت کے دوران قبائلی عمائدین ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے ریمارکس میں مزید کہا کہ میں نے کبھی نہیں سنا کہ قبائلی علاقوں میں کسی نے پاکستانی پرچم جلایا ہو۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فاٹا کے عوام گزشتہ 63 سالوں سے غربت اور پس ماندگی کا شکار ہیں، کاغذات میں دکھایا جاتا ہے کہ کروڑوں روپے قبائلی علاقوں کی ترقی پر خرچ ہوئے ہیں لیکن حقیقت میں کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پشاور ہائی کورٹ کے اختیارات فاٹا تک بڑھائیں گے تو قبائلیوں کو تمام اداروں سے تحفظ ملے گا۔ چیف جسٹس دوست محمد خان نے گومل زام ڈیم کے لاپتہ اہل کاروں سے متعلق کیس خارج کردیا۔گومل زام ڈیم کے لاپتہ اہل کار چند روز قبل بازیاب کرائے گئے تھے۔

مزید خبریں :