19 ستمبر ، 2013
کراچی…یونی سیف اور یونیسکو نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان میں پرائمری کے65لاکھ سے زائد بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر10 میں سے3بچے کبھی اسکول نہیں گئے جبکہ پرائمری کے 65لاکھ بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 38اعشاریہ 9فی صد لڑکیاں بنیادی تعلیم کے لیے کبھی اسکول گئی ہی نہیں۔ پرائمری کے 30 اعشاریہ 2 فی صد بچے اسکول نہیں جا پاتے۔ 42اعشاریہ 8 فی صد بچے بنیادی تعلیم مکمل کئے بغیر ہی اسکول چھوڑ جاتے ہیں۔ اسکول نہ جانے والوں میں لڑکیوں کی تعداد لڑکوں سے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے27 لاکھ بچے ثانوی تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔ یونیسکو اور یونیسیف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر بچوں کی تعلیم کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیاتو پاکستان میں غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔