19 ستمبر ، 2013
لاہور…لاہور ہائیکورٹ نے میجر ریٹائرڈ ڈاکٹر مجاہد طارق عظیم کی بازیابی کے حوالے سے دائر درخواست پر وزارتِ داخلہ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ میجر ریٹائرڈ ڈاکٹر مجاہد طارق عظیم کی اہلیہ نسیم طارق نے اپنے شوہر کی بازیابی کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر میجر ریٹائرڈ ڈاکٹر مجاہد طارق عظیم نمازِ جمعہ کی ادائیگی کیلئے گئے پھر واپس نہیں آئے، خدشہ ہے کہ سرکاری اداروں نے انہیں اغوا کر لیا ہے، عدالت سے استدعاہے کہ انہیں بازیاب کرایاجائے۔ عدالت نے مزید کارروائی 25ستمبر تک ملتوی کردی اور وزارتِ داخلہ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔