پاکستان
20 ستمبر ، 2013

کراچی امن و امن کیس کی سماعت آج بھی جاری رہے گی

کراچی امن و امن کیس کی سماعت آج بھی جاری رہے گی

کراچی…سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی امن و امن کیس کی سماعت آج بھی جاری رہے گی۔ عدالت نے اسلحہ اسمگلنگ سے متعلق کمیشن کی رپورٹ پر اٹارنی جنرل آف پاکستان،ایڈووکیٹ جنرل اور ڈی جی رینجرز سندھ کو جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں کراچی بے امنی کیس پر عملدرآمد کی سماعت کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی میں امن وامان سے متعلق رپورٹ پیش کی،چیف جسٹس نے حکومتی اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع ہونے کے بعد جرائم میں کمی آئی ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپریشن کے بعدیہ صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کیا کررہے ہیں؟ جب تک غیر قانونی راستے بند نہیں کریں گے اسلحہ آتا رہے گا۔ چیف کلٹر کسٹم نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات سے آرہا ہے بندر گاہ سے غیر قانونی اسلحہ نہیں آرہا، چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بتاتے ہیں غیر قانونی اسلحہ کیسے آرہا ہے ، سارا اسلحہ اور منشیات لانچوں سے لایا جارہا ہے، جس دن تہیہ کرلیا جائے،یہاں ایک گولی بھی نہیں آئے گی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے استفسار کیا کہ غیر قانونی اسلحہ پکڑنے کی مہم کیوں شروع نہیں کی گئی،یہ کام چاہے کرفیو لگا کر کریں، ملک بچانا ہے تو یہ اقدامات کرنے ہوں گے ، کتنی تشویشناک بات ہے کہ دکانوں سے لانچر اور اینٹی ایئر کرافٹ گنیں مل رہی ہیں،جسٹس خلجی عارف نے کہا کہ اب اسلحہ کرائے پر بھی ملتا ہے، ہمارے زمانے میں تو سائیکل کرائے پر ملتی تھی۔ سپریم کورٹ نے پرائیویٹ وکیل کی جانب سے کسٹمز کلکٹر، میرین ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کوسٹ گارڈ کی مشترکا رپورٹ پربھی برہمی کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے کراچی بے امنی کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگلنگ سے متعلق کمیشن کی رپورٹ پر اٹارنی جنرل آف پاکستان،ایڈووکیٹ جنرل اور ڈی جی رینجرز سندھ کو جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :