20 ستمبر ، 2013
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو چیئرمین نیب کیلئے میاں محمد اجمل کا نام دیا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی کو طالبان سے مذاکرات کی ذمے داری نہیں دی، خورشید شاہ نے میاں محمد اجمل کا نام وزیراعظم سے ملاقات کے دوران دیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے بتایا کہ چیئرمین نیب کیلئے وزیر اعظم کی جانب سے کوئی نیا نام سامنے نہیں آیا۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے کہا ہے اب چیف الیکشن کمشنر کے نام پرغور ہونا چاہیے جبکہ الیکشن اصلاحات کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بتایا ہے کہ اپردیر واقعے سے اے پی سی پر اثر پڑا ہے۔طالبان نے اس کی ذمے داری قبول کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا سے فوج واپس بلائی جائے۔وزیراعظم نے بتایا کہ جاوید ابراہیم پراچہ کو طالبان سے مذاکرات کا کوئی ٹاسک نہیں دیا۔