20 ستمبر ، 2013
کراچی…صوبائی وزیرزکوٰةوعشر سے اردوکی بجائے انگریزی میں سوال پوچھنے اورانگریزی سوال پڑھنے کے اصرارپرسندھ اسمبلی میں شورشرابہ ،قائمقام اسپیکر نے انگریزی میں سوال پوچھنے کو خلاف قانون قراردے دیا۔ سندھ اسمبلی کے وقفہ سوالات میں مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحرعباسی نے صوبائی وزیرزکوة وعشر دوست محمد راحموں سے انگریزی میں سوال پڑھنے کا مطالبہ کیا تو پیپلزپارٹی کے رُکن شرجیل میمن سمیت دیگرنے مخالفت کی۔ سرکاری بینچوں کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیرکی اہلیت چیک کرنے کی کوشش کرنے والوں کی ڈگری چیک کرانی پڑے گی جس پرایوان میں شورشرابہ ہوا۔ایک موقع پر ایم کیو ایم کی سنیتا افضال نے صوبائی وزیر زکوٰة وعشر سے انگریزی میں سوال کیا جس پرقائم مقام اسپیکرشہلارضا کا کہنا تھا کہ ایوان شرارت کے موڈ میں لگ رہا ہے مگرشرارت ہروقت اچھی نہیں ہوتی ،شہلارضا نے ایم کیو ایم کی رکن کو انگریز ی میں سوال کرنے سے روک دیا اوراُنہیں ہدایت کی کہ اُردومیں سوال پوچھیں۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ اردو، سندھی اور انگریزی میں حلف اُٹھایا جاسکتا ہے تو سوال کیوں نہیں کیا جاسکتا۔صوبائی وزیرڈاکٹرسکندرمیندھرو کی طرف سے آئینی وضاحت کے بعد پرصورتحال کنٹرول کرلی گئی۔