20 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تینتیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اور رینجرز کے3 ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے جن کے دوران 33 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔کلفٹن کے علاقے شاہ رسول کالونی میں آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کر کے تلاشی لی گئی،ایس پی کلفٹن سرفرازنوازنے بتایا کہ ،کاروائی کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے تین کے قبضے سے ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوئے۔ایس پی بلدیہ ٹاوٴن شاہ جہان خا ن کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے اتحاد ٹاون میں پولیس سرچ آپریشن کے دوران 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر منشیات اوراسلحہ برآمد کرلیا۔ناظم آباد نمبر3 میں واقع نائیٹل کالونی میں رینجرزنے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرٹارگٹڈ آپریشن کیا اور مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پرچھاپے مارے۔ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے کارکن سمیت 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر سی سی ٹی وی کیمرے، ریکارڈنگ ڈی وی آر اور مختلف اقسام کے29 ہتھیار برآمد کر لئے گئے،رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر انکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جائیں گے۔