22 ستمبر ، 2013
لندن…وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پشاور گرجا گھر میں دھماکے جیسے واقعات مذاکرات کیلئے نیک شگون نہیں،ایسے حملے کرنے والے ملک کے دشمن ہیں،شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ مشاورت سے کیاجائے گا۔لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پشاور کے چرچ پر حملے جیسا واقعہ کوئی بھی انسانی دل رکھنے والا شخص ایسا کام نہیں کرسکتا اور دہشت گرد ایسے واقعات سے پاکستان کے عزم کو کمزورکرنا چاہتے ہیں،ہم نے طالبان سے مذاکرات کی بات اچھی نیت سے کی جس کیلئے ہمیں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل تھی، اُن کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں اور میں ان کے حقوق کا داعی ہوں، تارکین وطن کے الیکشن لڑنے کے بارے میں قانون سازی کیلئے غور کررہے ہیں، اُن کا کہنا تھا لندن سے میری اچھہی یادیں وابستہ ہیں اور یہیں سے ہم نے جمہوریت کی جنگ لڑی۔