23 ستمبر ، 2013
سارڈینیا…کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے پشاور دھماکوں کے پیچھے کارفرما نفرت اور تشدد پسندانہ سوچ کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف امن کا راستہ ہی بہتر دنیا کی تعمیر کر سکتا ہے۔ وہ اٹلی کے جزیرے سارڈینیا میں اپنے پیروکاروں سے خطاب کررہے تھے۔ پوپ فرانسس کی قیادت میں ہزاروں افراد نے پشاور دھماکوں میں مرنے والوں کے لئے خصوصی دعا کی۔ پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے پشاور میں حملہ کیا انہوں نے نفرت اور جنگ کا غلط انتخاب کیا۔ اس غلط انتخاب کی وجہ سے اتوار کو پاکستان میں 70 سے زیادہ لوگ مارے گئے۔ نفرت اور جنگ کا راستہ درست نہیں ہے یہ راستہ کہیں نہیں جاتا اور اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ صرف امن کا راستہ ایک بہتر دنیا کی تعمیر کرسکتا ہے۔