20 مارچ ، 2012
کراچی… سندھ اور بلوچستان کے بیشتر حصے گردآلود اور تیز ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔ کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہو نے والی گرد وغبار کی فضا دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے گرد آلود طوفانی ہوائیں جنوب مغربی علاقوں سے چلیں جن کااثرکراچی پربھی ہوا۔گزشتہ روز شدید گرد آلودموسم کے باعث حدنگاہ کم ہوگئی اورشہرکی بیشتر مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی رفتارمیں کمی دیکھنے میں آئی۔ گرد آلود موسم کی وجہ سے کراچی کی فضائی حدود بھی پروازوں کے لیے بند کردی گئیں۔ تاہم بارہ بجے کے بعد فضائی حدود طیاروں کی امدو رفت کیلئے کھول دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اب حد نگاہ پانچ سو میٹر تک ہوگئی ہے جس میں بہتری کی توقع ہے جبکہ شہر میں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر حصے گرد آلود ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں اور تیز ہوا کے جھکڑوں نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے جبکہ ایران سے آنے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی سے مکران ڈویژن میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہو گیاہے۔ ایران سے آنیوالی گرد آلود ہواوٴں نے وادی کوئٹہ اورگرد ونواح کودھول اورمٹی میں اٹا دیا ہے، گرداڑاتی تند وتیز ہواوٴں سے جہاں شہر کی فضا آلودہ ہوگئی ہے وہاں ناک، کان، گلے اور سینے کے امراض میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ کوئٹہ میں گرد آلود موسم کے باعث کراچی اور اسلام آباد سے آنے اور جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں ، صوبے کے دیگر علاقوں پنجگور ،تربت،گوادر، قلعہ عبداللہ ،خاران ،نوکنڈی ،مستونگ،قلات اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے، طوفانی ہواوٴں سے ماشکیل، خاران اور مکران ڈویڑن کے مختلف علاقوں میں بجلی کے کھمبے بھی گرگئے،، جس سے ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شدید آندھی سے تمپ اور تربت کے درمیان 132کے وی ٹرانسمشین لائن میں خرابی پیدا ہوگئی جس سے مکران ڈویژن کے پانچ گرڈ اسٹیشنز پسنی ،گوادر تربت ہوشاب اور پنجگور کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے اوروسیع علاقہ تاریکی میں ڈوب گیاہے۔