21 فروری ، 2025
کراچی کی لانڈھی جیل ملیر میں قید 22 بھارتی ماہی گیروں کو آج صبح رہا کر کے لاہور میں ممکنہ طور پر واہگہ بارڈر پر انڈین حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق بھارتی ماہی گیروں کو صبح 9 بجے ملیر لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کر کے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا جائے گا جنہیں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے توسط سے بس کے ذریعے لاہور روانہ کیا جائے گا۔
جیل حکام کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ سے احکامات موصول ہوگئے ہیں۔
ماہی گیروں کی کراچی سے لاہور کے واہگہ بارڈر تک منتقلی کے اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔
ان ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ماہی گیروں کو گزشتہ عرصے کے دوران پاکستانی سمندر میں غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار کے الزام میں پاکستانی اتھارٹیز نے گرفتار کیا تھا۔