20 مارچ ، 2012
اسلام آباد… گلگت بلتستان اورکشمیر کے بالائی علاقوں میں کئی گھنٹوں سے جاری بارش اور برفباری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں۔استور کے میدانی علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔کچھ علاقوں میں ژالہ باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگئی۔بارش اور برفباری کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ ضلع غذر کے میدانی علاقوں میں گزشتہ 5روز سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔گلگت بلتستان میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ چترال میں 2روز سے جاری بارش اور برفباری تھم گئی،لواری ٹنل روڈ اور مستوج روڈ سمیت مختلف راستے بند ہیں۔ مظفرآبادشہر سمیت وادی نیلم کے زیریں علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔باغ میں تیز ہواوٴں کی وجہ سے درجنوں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔ سندھ کے بیشترشہروں میں گرد ہواوٴں کا سلسلہ رک گیا ہے۔چند ایک شہروں میں اب بھی گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔