24 ستمبر ، 2013
اسلام آباد…چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پر 27ستمبرکو یوم مذمت منایا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے مسیحی برادری کے رہ نماوٴں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے حوالے سے 27ستمبرکو مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا، مساجد میں سانحہ پشاور کے حوالے سے مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پشاور حملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ جسے سب مل کر ناکام بنا دیں گے۔بشپ اسحاق مظہر نے بھی مسیحی برادری کی جانب سے 27ستمبر کو یوم دع منانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ملک دشمن عناصر کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے ،کم ہے۔