26 ستمبر ، 2013
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے صوبوں کو محرم کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت کردی، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا بلدیاتی الیکشن محرم کے بعد کرائیں، نہیں کرانے تو نتائج بْھگتنے کیلئے تیار ہوجائیں، پنجاب بلوچستان کی حکومتوں نے 7 دسمبر کو انتخابات کرانے کی حامی بھرلی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں بینچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہر کوئی بلدیاتی انتخابات کی اپنی ہی تاریخ دے رہا ہے، محرم الحرام کے بعد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، بلدیاتی الیکشن نہیں کرانے تو نتائج بْھگتنے کیلئے تیار رہیں ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ ان لوگوں کے نام بتائیں جو آئین پر عمل درآمد نہیں کررہے، بلدیاتی انتخابات نہ کرانے والوں کے نام بتائیں پھر ہم جانیں اور وہ۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات نہیں کرانے تو ہم پرانے نظام کی بحالی کا حکم دے دیں یہ ٹھیک رہے گا، بلدیاتی انتخابات نہ کراکے مشکل کو دعوت دے رہے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت میں کہا کہ آئین سے انحراف یا عمل نہ کرنے کی جرأت نہیں کرسکتے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انتخابات اور حکومتیں آئین کے تحت تشکیل پاتی ہیں، جب حکومت بن جاتی ہے تو آئین پر عمل داری کی بات کوئی نہیں کرتا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز بلوچستان اور پنجاب نے عدالت میں بیان دیا کہ صوبائی حکومت 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہیں۔