26 ستمبر ، 2013
کراچی … سی آئی ڈی نے ایک کارروائی کے دوران بلاول ہاوٴس کے سیکیورٹی انچارج بلال شیخ پر حملے کے ملزم شاہد بکک کو نوابشاہ فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا جبکہ غوثیہ کالونی سے بھی 12 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کراچی سی آئی ڈی پولیس نے سپر ہائی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہد عرف بکک کو گرفتار کر لیا، ملزم بلاول ہاوٴس کے چیف سیکیورٹی افسر بلال شیخ پر ہونے والے خود کش حملے میں بھی ملوث ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد بکک اور بلال شیخ کا آپس میں کاروباری تنازع تھا، جبکہ شاہد بکک پر شہر کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتا خوری اور اغواء برائے تاوان کے 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ سی آئی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، گرفتاری سے بچنے کیلئے ملزم کراچی سے نوابشاہ جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ پولیس اور ریپڈ رسپانس فورس نے رات گئے سینٹرل جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران ایک درجن افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ گزشتہ روز ایک کباڑی کے گھر سے اسموک گرنیڈ جیل کے اندر پھینکا گیا تھا ، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔