28 ستمبر ، 2013
اسلام آباد…اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان مکمل امن ہوجائے تو دونوں ممالک کا دفاعی بجٹ 25 فیصد کم ہوجائے گا ، امن کا یہ فائدہ دونوں ممالک کو بیس سال میں ساڑھے 5 سو ارب ڈالرز کی بچت کرائے گا، جیو نیوز کے پروگرام امن کی آشا میں ماہرین متفق، میجر جنرل ریٹائرڈ اطہر عباس سمیت ماہرین کہتے ہیں کہ امن دونوں ممالک کی فوج کے مفاد میں ہے۔ پاک بھارت تعلقات اور امن کی آشا پر جیو نیوز کی جانب سے خصوصی ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں خا ص طور پر یہ ذکر کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیس سال کا امن معاہدہ ہوجائے، تو دفاعی بجٹ پچیس فی صد کم ہوجائے گا، پاکستان کو سالانہ 2 ارب ڈالرز اور بھارت کو 9 ارب ڈالرز کے ثمرات ملیں گے،جو دونوں ملکوں کے دفاعی بجٹ کا 33 فیصدہے، 20 برس کے امن معاہدے کی صورت میں مجموعی طور پر دونوں ملکوں کو ساڑھے 5 سو ارب ڈالرز کے ثمرات ملیں گے، پاکستان کو 89 ارب ڈالرز بھارت کو 461 ارب ڈالرز کے فوائد حاصل ہوں گے، امن معاہدے کی صورت میں پاکستان کو ہر برس ساڑھے چار ارب ڈالرز کی بچت ہوگی، جس سے سالانہ بیس ہزار سے زائد اسکولز اور چار ہزار سے زائد نئے اسپتال بن سکیں گے، پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل ریٹائرڈ اظہر عباس نے کہا کہ دفاعی بجٹ کو خطرات کو سامنے رکھ کر بنایا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو وسائل جنگ پر خرچ کیے جاتے ہیں وہ دونوں ملک اپنے عوام پر خرچ کرسکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے عارف علوی نے کہا کہ اس طرح کا خیال اچھا ضرور ہے لیکن ابھی ممکن نہیں، منیر کمال نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے پاکستان کو زیادہ کام کرنا ہوگا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے حیدر عباس رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مرکز بنا کر پالیسیاں بنانے کا وقت گزر گیا۔ خصوصی ٹرانسمیشن کے تمام شرکا اس بات پر متفق نظر آئے کہ دفاعی بجٹ کم ہوجائے تو دونوں ملک اربوں ڈالرز اپنے عوام پر خرچ کرسکیں گے۔