28 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں سینئر وکیل نعمت علی رندھاوا کے قتل کے خلاف آج دوسرے روز بھی سٹی کورٹ میں وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔مسلم لیگ ن سندھ لائرز ونگ کے نائب صدر اور سینئر وکیل نعمت علی رندھاوا کے قتل کے خلاف سٹی کورٹ میں دوسرے روز بھی وکلاء نے عدالتی کاروائیوں کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات میں پیش نہیں ہوئے۔وکلاء کے بائیکاٹ کے باعث جیل سے ملزمان کو بھی پیشی کیلئے عدالت نہیں لایا گیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا۔صدر کراچی بار نعیم قریشی وکلاء کے تسلسل کیساتھ ٹارگٹ کلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نعمت رندھاوا کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور وکلاء کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔نعمت علی رندھاوا کی خدمات حال ہی میں جیونیوز کے رپورٹر ولی بابر قتل کیس میں بھی حاصل کی گئی تھیں۔