28 ستمبر ، 2013
نیویارک…وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے، امن کے لیے مذاکرات پہلا آپشن ہے۔وزیر انہوں نے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، بھارت اور افغانستان کو ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہمیں ان کے معاملات میں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اسلحے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، اپنے وسائل کے مطابق دفاع پر رقم خرچ کرنی چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیربھٹو کے ساتھ مل کرملک کو آمریت سے نجات دلائی، جمہوریت کے لیے کردار ادا کرنے پرفرینڈلی اپوزیشن کاطعنہ دیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 14سال میں بہت کچھ سیکھا، پاکستان نے 4بار ون مین شودیکھا، لیکن ترقی کہیں نظر نہیں آئی، جتنی ترقی جمہوری ادوار میں ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں کسی کے سیاسی مفاد کو خاطرمیں نہیں لائیں گے، امن کیلئے ایسے قوانین لارہے ہیں کہ دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہوجائے، توانائی کا مسئلہ حل ہوجائے تو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی، توانائی کے نئے منصوبوں میں تین سے چار سال کا عرصہ درکا ہے۔