28 ستمبر ، 2013
لاہور…امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنور حسن اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے آج خضدار میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے۔سیدمنورحسن نے قوم سے اپیل کی کہ قدرتی آفات پر اجتماعی توبہ و استغفار کرے۔ انہوں نے کہ کہ ابھی چار دن قبل ہی بلوچستان اور سندھ میں آنے والے انتہائی شدید زلزلے کے صدمے سے قوم باہر نہیں نکل سکی تھی کہ آج پھر انہی علاقوں میں زلزلہ نے تباہی مچا دی۔انہوں نے کہا پوری قوم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی امداد اور بحالی کیلئے میدان عمل میں نکل آئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے۔انہوں نے الخدمت فاوٴنڈیشن سمیت ملک بھر کی رفاہی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی کاروائیوں کا دائرہ وسیع کردیں اور خضدار کے متاثرین زلزلہ کی بھر پور مدد کریں۔