29 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں کلفٹن کے علاقے شیریں جناح کالونی کے بلاک ون میں پولیس کی ٹارگٹڈ کاروائی منشیات فروشی سے وابستہ بین الصوبائی گروہ کا اہم سرغنہ گرفتار جبکہ 20 افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا۔اے ایس پی کلفٹن عبادت نثار کے مطابق جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر شیریں جناح کالونی بلاک ون میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا ،کارروائی کے دوران منشیات فروشی سے وابستہ بین الصوبائی گروہ کے اہم سرغنہ اسلام شاہ کو گرفتار کر لیاجبکہ 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر 2 پستول،2کلو گرام چرس اور تقریبا ًڈھائی کلو گرام ہیروئن جس میں ہیروئن سے بھرے ہو ئے کیپسول بھی شامل ہیں ،قبضے میں لے لئے۔گرفتار ملزم اسلام شاہ اپنی بس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کر تا تھا اور بس کے خفیہ خانوں میں منشیات کو چھپاکر پشاور سے کراچی لا تا تھا، گرفتار اور حراست میں لئے گئے افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔