پاکستان
29 ستمبر ، 2013

آواران میں زلزلے نے وہاں کے عوام کو غم و اندوہ سے دوچار کردیا

آواران میں زلزلے نے وہاں کے عوام کو غم و اندوہ سے دوچار کردیا

آواران…بلوچستان میں ضلع آواران میں حالیہ زلزلے نے وہاں کے عوام کو غم و اندوہ سے دوچار کردیا،خاص طور پر خواتین اور بچوں کے دکھ کا تو اندازہ لگانا ہی مشکل ہے،وہ زلزلے سے ڈرے سہمے غم و الم کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ایک بوڑھی خاتون کا کہنا ہے کہ نہ چھت ہے،نہ چٹائی ہے اور نہ ہی خوراک ہے، نہ بیٹھنے کے لئے چٹائی ہے۔زندگی تو آواران کے عوام کے لئے حالیہ زلزلہ کی صورت میں آنے والی تباہی سے پہلے بھی کوئی پھولوں کی سیج نہیں تھی،مگر اب اس تباہی کے بعد تو ان کا جیون شاید کانٹوں کی سیج ہی بن کر رہ گیا ہے، اس بوڑھی خاتون کی طرح زلزلے میں زندہ بچ جانے والوں کی خوش قسمتی محض یہی رہی کہ ان کی جان بچ گئی مگر وہ اس لحاظ سے بدنصیب بھی رہے کہ ،اب نہ انکے سر پر چھت ہے ، نہ اپنے پیاروں کا ساتھ اور نہ ہی کچھ جمع پونجی ،سب کچھ گذشتہ منگل کے زلزلے کی نذر ہوگیا،اور وہ کھلے آسمان تلے آگئے، اور اب تو زندگی کا ناتا برقرار رکھنے کیلیے انہیں کھانے پینے کے بھی لالے پڑے ہوئے ہیں۔ایک لڑکی کا کہنا تھا کہ ہمیں یہاں کچھ بھی نہیں ملا،نہ کھانے کے لئے ہے نہ پینے کے لئے،نہ گھر ہے،حکومت ہماری مدد نہیں کررہی۔بلاشبہ آواران میں زلزلہ زدگان ایک قیامت صغریٰ تو گزار چکے ہیں مگراب باقی بچ جانے والوں کے لیے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے۔ اوراس پسماندہ ترین علاقے کی تباہی کو اب ترقی کے ایک بڑے موقع میں تبدیل کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :