پاکستان
02 اکتوبر ، 2013

سہراب گوٹھ میں پولیس پر دستی بم حملے،2 پولیس اہل کار زخمی

سہراب گوٹھ میں پولیس پر دستی بم حملے،2 پولیس اہل کار زخمی

کراچی…کراچی میں سہراب گوٹھ کے علا قے معمار کمپلیکس میں دبئی مسافر خانے کے قریب سرچ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں پر دستی بموں سے حملے میں ایس ایچ او سمیت 2پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ کارروائی کے دوران 22مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ بر آمد کر لیا گیا جبکہ ایک مغوی بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ پولیس کے مطابق سہراب کوٹھ کے علاقے معمار کمپلیکس کے قریب کالعدم تنظیم کے افراد کی موجودگی کی ا طلاع پر پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تھانہ سہراب گوٹھ کے ایس ایچ او سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر 4دستی بم پھینکے جس کے بعد مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کا محا صرہ کر کے 22مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے 2کلاشنکوف، ایک 30بور پستول، پولیس اور سیکیورٹی گارڈز کی وردیاں، رینجرز یونیفارم کی ٹوپیاں اور مغوی کا شناختی کارڈ بھی قبضے میں لے لیا جبکہ سلطان آباد کے علاقے سے اغواء ہو نے والے ایک مغوی کو بھی بازیاب کر الیا گیا۔

مزید خبریں :