04 اکتوبر ، 2013
پشاور…پشاورمیں سیکرٹریٹ ملازمین کی بس میں دھماکہ کے تین مشتبہ دہشتگردوں کے خاکے جیو نویز نے حاصل کرلئے ہیں۔ خاکے بس ڈرائیور اور کلینرکے بیانات کی روشنی میں تیار کئے گئے ہیں۔ پشاور پولیس نے سیکرٹریٹ ملازمین کی دھماکے کاشکارہونے والی بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کے بیانات کی روشنی میں تین مشتبہ دہشتگردوں کے خاکے تیار کئے ہیں۔ پولیس کے جاری خاکوں کے مطابق مشتبہ دہشتگردوں کی عمریں 35 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ جبکہ ایک مشتبہ دہشتگرد کے چھوٹے بال اور ہلکی داڑھی ہے۔ ایک کی داڑھی بڑی اور بال نہیں ہیں۔ جبکہ تیسرے دہشتگرد کے بال درمیانے اور داڑھی بھی ہے۔ پولیس کاکہناہے کہ بس کے ڈرائیوراورکنڈکٹرنے تحقیقات کے دوران بیان دیاتھاکہ مشتبہ دہشتگرد دوران سفربس میں سوار ہوئے تھے۔ جو ناگمان کے قریب اترے جسکے بعد دھماکہ ہوا۔ جبکہ تیسرا مبینہ دہشتگرد بس اسٹاپ پر ان کولینے آیاتھا۔ 27 ستمبر کو سیکرٹریٹ ملازمین کی بس میں دھماکہ کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔