پاکستان
06 اکتوبر ، 2013

فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ بمقابلہ نیند

فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ بمقابلہ نیند

فیصل آباد…نیند کامقابلہ کرنا کوئی آسان کام نہیں، لیکن جب کمرہ ائر کنڈیشنڈ اور کرسی آرام دہ ہو تو نیند کو پچھاڑنا اور بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو بھی کچھ ایسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ تقریب تھی فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں نئے ایمرجنسی بلاک کے افتتاح کی۔۔ اور اپنی شعلہ بیانی کے لئے مشہور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ تھے مہمان خصوصی۔تقریب کے دوران ہی رانا صاحب کا مقابلہ نیند سے ہوگیا ، جس نے اچانک ہی ان پر دھاوا بولا۔رانا صاحب نے نیند کو بھگانے کے لئے کئی داوٴ پیچ استعمال کیے۔کبھی مونچھوں کو تاوٴ دے کر ڈرانا چاہا،کبھی سر کھجا کر بھگانے کی کوشش کی،عینک اتار کر کئی بار آنکھیں بھی دکھائیں لیکن کمبخت نیند نے بھاگنے کا نام نہ لیا۔ آخر کار منتظمین نے انہیں خطاب کا موقع دیا اور یوں نیند سے ان کی جان چھوٹ گئی۔رانا ثناء اللہ ہی پر کیا موقوف ہے، پاکستان اور دنیا بھر کے اور بھی بڑے بڑے سیاست دان کیمرے کے سامنے گہری نیند سو چکے ہیں۔

مزید خبریں :