21 مارچ ، 2012
کراچی … وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صحافیوں کی بہبود کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں کو 5 کروڑ روپے کا چیک دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صحافیوں نے بحالی جمہوریت اور آزادی صحافت کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں، انہیں فنڈز دے کر کوئی کارنامہ نہیں کررہے بلکہ حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ وزیراطلاعات سندھ شازیہ مری نے کہا کہ صحافیوں کی ہمت اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے 5 کروڑ روپے دینے پر صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس فنڈ کو شفاف طریقے سے صحافیوں کی بہبود، علاج معالجے اور تربیت پر خرچ کیا جائے گا۔