21 مارچ ، 2012
اسلام آباد … مسلم لیگ ن نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 16 سے 48 فیصد تک کئے گئے اضافے کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی ہے۔ مسلم لیگ ن کے ارکان کے دستخطوں سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت بجٹ خسارے کو پورا کرنے کیلئے جب چاہے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیتی ہے اور پارلیمنٹ کو نظرانداز کردیا جاتاہے۔ تحریک التواء میں مزید کہا گیا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کی دعوے دار حکومت کے دور میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، اس صورتحال پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔