21 مارچ ، 2012
نیویارک … پاکستان نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لازمی ہے، یہ کام دونوں ملکوں کی یکساں ذمہ داری ہے جسے بھرپور طریقے سے انجام دینا ہوگا۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نائب مندوب رضا بشیر تارڑ نے 15 رکنی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ اجلاس افغانستان میں پچھلے دنوں ہونے والے پْرتشدد اور افسوسناک واقعات کے بعد بلایا گیا تھا۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی فوجی تعینات ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ اسی طرح کی کوشش سرحد کے دوسری طرف بھی نظر آئے۔ رضا بشیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے مخلص ہے، دونوں ملک سیکیورٹی، ترقی، انفرا اسٹرکچر، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کررہے ہیں، سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ حقیقی مسائل پر افغانستان اور بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ قریبی اشتراک سے کام کیا جائے۔