22 مارچ ، 2012
لاہور.....لاہور کے علاقے داروغہ والا میں نوجوان کو آکسیجن لگوانے کیلئے والدین کے پاس پیسے نہ ہونے کی رپورٹ جیو نیوز پر آن ایئر ہوئی تو حکومتی سطح پر امداد دینے کے اعلانات کے علاوہ متعدد مخیر حضرات نے بھی رابطے کئے، مگر سرکاری سطح پر بات اعلانات سے آگے نہ بڑھ سکی۔منگل کے روزآکسیجن کے سہارے زندہ داروغہ والاکے18سالہ اویس کی رپورٹ جیو نیوز پر چلی،جس کے و الدین کے پاس اس کا علاج کرانے کیلئے بھی پیسے نہیں ہیں۔یہ رپورٹ آن ایئر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی تھی کہ نوجوان کا میڈیکل بورڈسے طبی معائنہ کرایا جائے،تاہم اویس کی والدہ مریم بی بی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے اعلان کے باوجود ابھی تک ان سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔پیپلز پارٹی کیرہ نما شرجیل میمن نے بھی مدد کا اعلان کیا تھا،مگر انہوں نے بھی کوئی رابطہ نہیں کیا۔