22 مارچ ، 2012
اسلام آباد… توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے کیس کے بارے میں میڈیا کے ایک حصے کی رپورٹنگ پر شکوہ کیا ہے۔ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض نے کہا کہ اعتزاز گنگ ہوگیا، زبان بند ہوگئی، لاجواب ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ خبریں جو دی جارہی ہیں ان میں مبالغہ ہے، میری بحث کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ، جو غلط فہمی پھیلائی گئی اسے میں نے اور عدالت نے کلیئر کیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ جج صاحبان نے آج میری بات کو بڑے تحمل سے سنا اور میرے دلائل آرٹیکل10اے کے تحت تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرا نکتہ یہ تھا کہ شکایت کنندہ جج ٹرائل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مثال دی کہ متعدد بار عدالتوں نے سو موٹو نوٹس لیا لیکن فوجداری مقدمات میں ٹرائل کیلئے علیحدہ بینچ قائم کیا جاتا ہے۔