18 اکتوبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری ایک انتہائی حساس موضوع ہے لہٰذا میں نہایت ادب اور احترام کے ساتھ تمام ذرائع ابلاغ خصوصاً ٹی وی ٹاک شوز کے میزبانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس موضوع پر گفتگو اور تبصروں سے احتراز کریں کیونکہ اسی میں ملک کی بہتری ہے۔طالبان سے مذاکرات میں عجلت کامظاہرہ کرکے حکومت اور عسکری اداروں کی رٹ کو زک نہیں پہنچائی جائے ، پاکستان انتہائی نازک صورتحال سے گزررہا ہے ،غیرضروری اور بے جا تبصرہ اورتنقید سے ملکی سلامتی کے اداروں کے اہلکاروں کے مورال میں بھی فرق آسکتا ہے جس کا اس وقت ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔کوئی حکومت اور ملکی سلامتی کے اداروں کا ساتھ دے یا نہ دے ایم کیوایم کے لاکھوں کارکنان بھرپورطریقے سے ان کاساتھ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے مرکزی دفترمیں قربانی کی کھالیں جمع کرنے میں کردار اداکرنے والے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے رضاکاروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں شریک افراد سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرخدمت خلق فاوٴنڈیشن کے نگراں سابق سینیٹر احمدعلی،فاوٴنڈیشن کے دیگرٹرسٹی حضرات، رابطہ کمیٹی کے ارکان ،منتخب نمائندے اور ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ارکان بھی موجود تھے۔ الطاف حسین نے کہاکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر 9،ستمبر کو کل جماعتی کانفرنس ہوچکی ہے جس میں شریک تمام چھوٹی بڑی جماعتوں نے متفقہ طور پر یہ طے کیا تھا کہ ملک کو انتشار سے بچانے اور امن وامان کے قیام کیلئے طالبان سے مذاکرات کیے جائیں ۔اب جبکہ تمام جماعتوں نے متفقہ طورپر یہ فیصلہ کرلیا ہے تو پھر ضروری ہے کہ اس حوالہ سے تھوڑا سا انتظار کرلیں۔ الطاف حسین نے تقریب کے شرکاء کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ حالات کے سبب گمنام کارکنان،ہمدردوں، ماں ، بہن ، بیٹی اور بزرگ نے جس جوش وجذبے اورہمت وحوصلے سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے میں کردارادا کیا ہے اس پر میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انھوں نے قیام امن کیلئے دن رات محنت کرنے پرڈی جی رینجرز، پولیس کے آئی جی ، ڈی آئی جیز، اہلکاروں،سیکوریٹی ایجنسیوں کے افسران اورجوانوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انھوں نے عیدالاضحی کے ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور صحت وصفائی کے انتظامات بہتر بنانے پر بلدیہ عظمیٰ کے افسران اورعملے کے ارکان کو بھی خراج تحسین پیش کیا،انھوں نے کہا کہ کوئی بھی قدرتی سانحہ یاحادثہ ہو،خدمت خلق فاوٴنڈیشن نے ہرموقع پر متاثرین کی بلاامتیازمددکی، آزادکشمیرکی وادیاں اوروہاں کے عوام آج بھی اس کی گواہی دیتے ہیں اورزلزلہ متاثرین کیلئے اس فلاحی ادارے کی خدمات کوکوئی بھی ذی شعور فراموش نہیں کرسکتا۔ انہوں نے تمام منتخب نمائندوں کوتلقین کی کہ وہ عوام کی بلاامتیازخدمت کریں اورلوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھرپورکوشش کریں، ایم کیوایم دشمن قوتوں اورمخالفین نے سازشیں اور کوششیں کیں کہ اس دفعہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن کیلئے کھالیں جمع کرنے کے عمل کو ناکام بنایا جائے لیکن اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ایم کیوایم دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں ، اور عوام نے اس سال خدمت خلق فاوٴنڈیشن کو پہلے سے زیادہ بڑھ چڑھ کر قربانی کے جانوروں کی کھالیں عطیہ کیں۔الطا ف حسین نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیاکہ بلدیاتی انتخابات خواہ کسی بھی نظام کے تحت کرائے جائیں ، اگر اس نظام پر ایم کیوایم کو تحفظات بھی ہوں تب بھی ایم کیوایم اس نظام کی مخالفت کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں ہرقیمت پر حصہ لے گی اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پورے ملک سے حق پرست امیدوار نامزد کرے گی ۔